راشد حسین کی عرب امارات میں گرفتاری، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ہنگامی اپیل جاری کردی

417

ہنگامی اپیل میں بلوچ سیاسی کارکن راشد حسین کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے

دی بلوچستان پوسٹ میڈیا مانیٹرنگ ٹیم کے مطابق انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے متحدہ عرب امارات میں خفیہ اداروں کے ہاتھوں اغواء ہونے والے بلوچ سیاسی کارکن راشد حسین کی رہائی کیلئے ایک ہنگامی اپیل جاری کردی ہے۔

ہنگامی اپیل میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ ” 26 دسمبر 2018 سے بلوچ سیاسی کارکن راشد حسین کو بغیر کسی وارنٹ کے امارتی خفیہ اداروں نے گرفتار کرکے قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے، اماراتی حکام انکی گرفتاری کے وجوہات، مقام اور الزامات کچھ بھی ظاھر نہیں کررہے ہیں۔”

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مزید کہا ہے کہ ” اس بات کے مظبوط شواہد موجود ہیں کہ اماراتی حکام راشد حسین کو ماورائے عدالت پاکستان کے حوالے کرنا چاہتے ہیں، امارات آنے سے پہلے جہاں وہ ایک متحرک سیاسی کارکن تھے۔ اگر انہیں زبردستی واپس پاکستان بھیجا جاتا ہے تو وہاں انکے زندگی کو شدید خطرات لاحق ہونگے۔”

اپیل میں ایمنسٹی انٹرنیشل نے سب سے اپیل کی ہے کہ وہ ” ہنگامی اپیل” میں منسلک خط کو نقل کرکے یا از خود ایک خط تحریر کرکے اماراتی وزارت خارجہ کو عبداللہ بن عبدالعزیز کے نام ارسال کریں۔

جس میں شیخ عبداللہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ راشد حسین کو منظر عام پر لائیں اور انہیں انکے اہل خانہ اور وکیل سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کے عالمی قوانین سے متصادم کوئی اقدام نہیں اٹھائے جائیں اور راشد حسین پر جو الزامات ہیں انہیں باقاعدہ عدالت میں ثابت کیا جائے۔