ہمیں ڈیم اور ریکوڈک پر حق نہیں بلکہ لاپتہ افراد چاہیئے – ڈاکٹر جہانزیب

157

بی این پی اپنے چھ نکات پر ڈٹ کر کھڑے ہیں اگر تحریک انصاف کے حکومت نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے تو ہم جمہوری طریقے سے احتجاج کرینگے۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال کی رپورٹ کو ہم پہلے مسترد کر چکے ہیں۔ اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو ان کو عدالتوں میں پیش کیا جائے – ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی

بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی اپنے حقوق سے کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہونگے، ون پوائنٹ ایجنڈے کے موقع پر لاپتہ افراد کے لواحقین کو بھی اسلام آباد لے جائینگے ہم پاکستانی اور بلوچستانی ہے اپنے حق کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ وفاقی حکومت ہمارے چھ نکات ایجنڈے پر فوری طور پر عمل کریں اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم جمہوری حق رکھتے ہیں اور ہر فورم پر احتجاج کرینگے ان خیالات کا اظہار سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ، رکن اسمبلی ڈاکٹر شہناز نصیر بلوچ، چیئرمین جاوید بلوچ اور ارکان بلوچستان اسمبلی احمد نواز بلوچ، زینیت شاہوانی، ٹائٹس جانسن اور دیگر نے وائس آف بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ میں اظہار یکجہتی کر تے ہوئے کیا۔

سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد تحریک انصاف کے اتحادی ہونے کے نا طے چھ نکات پیش کئے جس پر عملدرآمد ہونا باقی ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی ہمیشہ صوبے کے عوام کیساتھ رہی ہے اور اپنے چھ نکات پر ڈٹ کر کھڑے ہیں اگر تحریک انصاف کے حکومت نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے تو ہم جمہوری طریقے سے احتجاج کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ میرے گھر سے 7 افراد لاپتہ ہے جسٹس (ر) جاوید اقبال کی رپورٹ کو ہم پہلے مسترد کر چکے ہیں بلوچستان نیشنل پارٹی کے چھ نکات میں سب سے پہلا نقطہ لاپتہ افراد کی بازیابی ہے اور تمام تر مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ بلوچستان سے جو بھی افراد لاپتہ ہوئے ہیں اگر ان میں سے کسی نے بھی جرم کیا ہے تو ان کو عدالتوں میں پیش کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان میں یہ واضح لکھا ہے جو بھی شخص گرفتار ہوا ہے دس دن میں اس کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہے مگر اس طرح نہیں کیا جا رہا، ہمیں ڈیمز، ریکوڈک پر حق نہیں چاہیئے، ہمیں لاپتہ افراد چاہیئے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کا جدوجہد کسی سے پوشیدہ نہیں ہم پارٹی قائد سردار اختر مینگل کی ہدایت پر بی این پی مینگل لاپتہ افراد کے لواحقین کیساتھ ہے ون پوائنٹ ایجنڈے کے اجلاس کے موقع پر لاپتہ افراد کے لواحقین کو بھی اسلام آباد لے جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ ان لاپتہ افراد کے لواحقین کو دیکھ کر دل خون کے آنسور روتے ہیں، ہمیں حق اور انصاف چا ہیئے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی اس کیمپ میں رسماً نہیں آئی ہے بلکہ عملی کردار ادا کرینگے، لاپتہ افراد کے لواحقین کے کو جب بھی احتجاجی مظاہرہ ہو یا بھوک ہڑتال ہماری پارٹی شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔