امریکہ کے مختلف شہروں میں پاکستانی کونسل خانے کے سامنے مظاہرے، سندھ لاڑکانہ میں بھوک ہڑتالی کیمپ تیسرے روز بھی قائم
دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کی مطابق سندھ سے جبری طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے امریکہ کے مختلف شہروں میں پاکستانی کونسلیٹ خانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے گئے.
امریکہ کے شہروں ہیوسٹن، لاس اینجلز اور نیویارک میں ورلڈ سندھی کانگریس کی جانب سے یہ مظاہرے کئے گئے.
لاس اینجلز میں ورلڈ سندھی کانگریس کے رہنما صغیر شیخ، جیئے سندھ تحریک کے رہنما ڈاکٹر صفدر سرکی، رحمان کاکیپوٹہ اور دیگر نے احتجاج ریکارڈ کرایا، اس موقع پر ڈاکٹر صفدر سرکی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب عالمی طاقتوں کو پاکستان کے اوپر دباؤ ڈال کر سندھ سے اٹھائے گئے قومپرست کارکنان و دیگر افراد کی بازیابی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ریاست سندھ میں جبری گمشدگی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی میں ملوث ہے، بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے نوٹس لیں.
دریں اثناء ورلڈ سندھی کانگریس کیجانب سے امریکی ریاست ہیوسٹن اور نیویارک میں بھی پاکستانی کونسل خانوں کے سامنے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔
جبکہ دوسری جانب سندھ کے شہر لاڑکانہ میں جبری طور پر گمشدہ افراد کی بازیابی کیلئے قائم کیمپ میں تیسرے روز بھی بھوک ہڑتال جاری رہی، جس کی رہنمائی لاڑکانہ سے جبری طور پر گمشدہ طالبعلم عاقب چانڈیو کی ہمشیرہ شازیہ چانڈیو کررہی تھی. اس موقع پر سندھ سے جبری طور پر لاپتہ افراد کے لواحقین نے اپنے پیاروں کے تصاویر کے ہمراہ احتجاج میں شامل رہے.