بلوچستان حکومت نظر انداز، گوادر حوالے پنجاب کا بحریہ سے معاہدہ

257

پنجاب حکومت اور پاک بحریہ کے مابین گوادر میں بحریہ ماڈل سکول اورکالج کے قیام کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر پنجاب حکومت کی طرف سے سیکرٹری سکولز ڈاکٹراللہ بخش ملک اور پاک بحریہ کی جانب سے رےئر ایڈمرل محمدفیاض جیلانی نے دستخط کیے۔

آج ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اورچیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی بھی موجود تھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بلوچستان کے علاقے گوادر میں سکول اورکالج بنانے کا پروگرام بنایا تھا اورآج اس پروگرام کو تعبیر دینے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

پنجاب حکومت اس سکول و کالج کے قیام کے لئے پہلے پانچ کروڑ روپے کے فنڈز مہیا کرچکی ہے او رآج ایک اورچیک پاک بحریہ کے حکام کے حوالے کیاگیا ہے تاکہ اس منصوبے کو مکمل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے چند روز قبل ڈی جی خان میں کیڈٹ کالج کے قیام کے لئے پاکستان ائیر فورس کے ساتھ بھی ایک معاہدہ کیا ۔اےئر فورس نے سندھ میں بھی ایک اچھا منصوبہ بنایا ہے اوراسی ماڈل پر ہم ڈی جی خان میں کیڈٹ کالج بنائیں گے اوریہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا ماڈل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ہماری سمندری حدود کی محافظ ہے اس کے ساتھ تعلیم کے میدان میں بھی پاک بحریہ کی کاوشیں لائق ستائش ہیں۔انہوں نے کہاکہ میری ٹائم سیکٹر انتہائی اہمیت کاحامل ہے اوراس پر بھر پور توجہ دے کر قومی معیشت کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سمندر میں چھپے خزانوں کو بروئے کار لاکرقومی معیشت کو فروغ دیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے رجوعہ چنیوٹ میں خام لوہے کہ ذخائر کی تلاش کے حوالے سے شاندار کام کیا ہے اوریہاں اربوں ڈالر کی مالیت کے ذخائر کی نشاندہی ہوئی ہے ۔جن سے یہاں سٹیل مل لگائی جاسکتی ہے جس سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔

چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں ہم ایک کارخیر کیلئے جمع ہوئے ہیں اورگوادر میں سکول و کالج کی تعمیر کے منصوبے کا آغاز ہونے جارہا ہے اورپنجاب حکومت کے تعاون سے اس منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔

صوبائی وزراء رانا مشہود احمد خان،ملک ندیم کامران ،ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،سپیشل اسسٹنٹ ملک احمدخان،چےئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن قمر السلام راجہ،ایم پی اے مہوش سلطانہ،چیف سیکرٹری اورپنجاب حکومت کے دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ پاک بحریہ کے افسران بھی اس موقع پرموجود تھے