نامعلوم افراد کا بلوچ مسنگ پرسنز کیمپ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش

297

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ کو نامعلوم افراد نے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے تاہم ماما قدیر بلوچ کی قیادت میں تنظیم کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاج جاری جارہا، احتجاج کو آج 4317 دن مکمل ہوگئے۔

نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء میر عبدالغفار قمبرانی اور دیگر نے کیمپ کا دورہ کرکے لواحقین سے اظہار یکجہتی کی۔

وی بی ایم پی کے رہنماء ماما قدیر بلوچ کا کہنا تھا کہ گذشتہ رات نامعلوم افراد احتجاجی کیمپ کے شامیانے اکھاڑ کر لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو معلوم ہے کہ یہ کون لوگ ہیں۔

ماما قدیر بلوچ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے میں اپنا احتجاج ختم نہیں کرونگا، جس کو جو کرنا ہے کرلیں لیکن ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے اور یہ احتجاجی کیمپ کسی صورت میں بند نہیں ہوگا۔

خیال رہے اس سے قبل بھی کئی مرتبہ وی بی ایم پی کے کیمپ کو جلانے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔