پاکستان : تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا اعلان

85

 پاکستان میں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت وزرائے تعلیم کانفرنس ختم ہوگئی، بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں 15 ستمبر کو اسکول کھولنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ۔

اجلاس میں کے پی کے حکومت نے تعلیمی ادارے یکم ستمبر سے کھولنے کی تجویز دی تاہم باقی تمام صوبوں نے اسکی مخالفت کرتے ہوئے اسکولز 15 ستمبر سے ہی کھولنے کی تجویز دی۔

پاکستان  بھر میں یکساں نصاب پر بھی مشاورت کی گئی اور اسکی اصولی منظوری دیدی گئی، صوبے یکساں نصاب سے متعلق اپنی تجاویز سے آگاہ کرینگے۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیرتعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ پنجاب میں 15 ستمبر کو اسکول کھولنے کی تاریخ عارضی ہے اور یہ کورونا کی صورتحال پر منحصر ہے جبکہ اسکول کھولنے کے حوالے سے کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس اوپیز پر عمل کیا جائیگا۔