ڈنک واقعے کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے – ڈبلیو ڈی ایف

170

ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ کی صدر جلیہ حیدر اور جنرل سیکریڑی فرخندہ اسلم نے اپنے مشترکہ بیان میں ڈنک (تربت) میں ہونے والے افسوس ناک واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 26 مئی کو مکران کے سب سے بڑے شہر تربت میں مسلح افراد نے ایک گھر میں رات کے تین بجے کود کر چار سالہ بچی برمش کی والدہ مالک نیاز کو گولیاں مار کر قتل کیا اور برمش کو بھی گولیاں ماریں، جو اس وقت شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیرِعلاج ہیں۔ ہم بلوچستان گورنمنٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کا نوٹس لے اور مجرمان کو کیفرکردار تک پہنچائے، اور برمش اور اس کے خاندان کو انصاف دلائے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈبلیو ڈی ایف یہ مطالبہ بھی کرتی ہے کہ بلوچستان میں خفیہ اداروں اور ان کے پیسوں پر پلنے والے گروہوں اور ڈیتھ سکواڈوں کے ہاتھوں بلوچستان میں “اجتماعی سزا” کے تحت عورتوں اور بچوں پر ہونے والے مظالم اور تشدد کو فوری بند کیا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان میں طاقت اور بندوق کے زور پر حکمرانی اور ناانصافیوں کے خلاف اُبھرنے والی آوازوں کو دبانے کے بجائے، مسائل کا جمہوری اور سیاسی حل نکالا جائے۔