بلوچستان : کورونا کیسز کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز

136

بلوچستان میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 106 کیس رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز  کرگئی ہے۔

بلوچستان  میں ایک مزید مریض کے انتقال کے باعث کورونا سے اموات کی تعداد 39 ہوگئی جبکہ 88 مریضوں کے صحت یاب ہونے سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح 24 فیصد ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان کے کورونا وائرس آپریشن سیل کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق  کورونا وائرس کے مزید 106 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعداب تک متاثرہ افراد کی تعداد 3074 ہوگئی ہے جن میں سے 94 فیصد یعنی 2918 مقامی طور پر وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

ان افراد میں سے 2505 کا تعلق کوئٹہ، 115 کا قلعہ عبدﷲ، 106 کا پشین اور 35 کا قلعہ سیف ﷲ سے ہے۔

کورونا وائرس کے باعث 39 مرنے والوں میں سے 31 کا تعلق کوئٹہ، پشین سے 5 جبکہ لسبیلہ سے 2 اور سبی سے ایک شخص شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں مزید 88 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 724 ہوگئی ہے جبکہ بلوچستان  میں اس وقت کورونا وائرس کے 2311 مریض زیرعلاج ہیں۔