کورونا وائرس : دنیا بھر میں یومیہ اموات کی تعداد پانچ ہزار سے بڑھ گئی ہے

111

امریکہ اور فرانس میں مسلسل دو روز سے کورونا وائرس سے ایک ہزار سے زیادہ افراد کا انتقال ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں یومیہ اموات کی تعداد پانچ ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق، 204 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں عالمگیر وبا کے مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 87 ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد 58 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔

جمعے کو فرانس میں 1120، امریکہ میں سہہ پہر تک 857، اٹلی میں 766، برطانیہ میں 684، اسپین میں 661، نیدرلینڈز میں 148، ایران میں 134، بیلجیم میں 132 اور جرمنی میں 127 افراد ہلاک ہوئے۔ ترکی میں 69، سوئزرلینڈ میں 55 اور سویڈن میں 50 اموات ہوئیں۔

اب تک 10 ملکوں میں اموات کی مجموعی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔

اٹلی میں 14681، اسپین میں 11009، امریکہ میں 6927، فرانس میں 6507، برطانیہ میں 3605، چین میں 3322، ایران میں 3294، نیدرلینڈز میں 1487، جرمنی میں 1234 اور بیلجیم میں 1143 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

جمعے کو 76 ملکوں میں کورونا وائرس سے کم از کم ایک ہلاکت ہوئی۔ مختلف ملکوں میں 39 ہزار سے زیادہ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ فرانس اور اسپین میں ایسے چھ چھ ہزار مریض ہیں۔

سات ملکوں میں 50 ہزار سے زیادہ مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔ امریکہ میں 2 لاکھ 70 ہزار، اٹلی میں ایک لاکھ 19 ہزار، اسپین میں ایک لاکھ 17 ہزار، جرمنی میں 90 ہزار، چین میں 81 ہزار، فرانس میں 64 ہزار اور ایران میں 53 ہزار سے زیادہ کیسز معلوم ہوچکے ہیں۔

برطانیہ میں مریضوں کی تعداد 38 ہزار، ترکی میں 20 ہزار، سوئزرلینڈ میں 19 ہزار، بیلجیم میں 16 ہزار اور نیدرلینڈز میں 15 ہزار ہے۔

پاکستان میں اب تک 2637 مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے اور 40 کا انتقال ہوا ہے۔ بھارت میں 2567 کیسز سامنے آئے ہیں اور 72 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

بنگلہ دیش میں 61 کیسز معلوم ہوئے ہیں اور 6 اموات ہوئی ہیں۔ سری لنکا میں 159 مریضوں کا علم ہوا ہے جن میں 4 چل بسے ہیں۔ افغانستان میں 281 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ نیپال میں صرف چھ مریض سامنے آئے ہیں اور کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

اب تک 2 لاکھ 27 ہزار سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں چین کے 76 ہزار، اسپین کے 30 ہزار اور جرمنی کے 24 ہزار افراد شامل ہیں۔