پاکستان افغانستان سرحد دوطرفہ تجارت کیلئے کھولنے کا فیصلہ

130
پاکستان افغانستان سرحد چمن کے مقام پر اتوار سے دو طرفہ تجارت کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چمن میں باب دوستی پر پاکستان افغانستان سرحدی فورسز کے درمیان فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں اتوار سے پاکستان افغانستان سرحد دوطرفہ تجارت کھولنے پر اتفاق کیا گیا اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کل سے دونوں ممالک میں پھنسے پاکستانی اور افغان شہریوں کو آنے جانے کی اجازت ہوگی۔

عسکری حکام کے مطابق باب دوستی پر پاکستان افغانستان سرحدی فورسز کے درمیان ہونے والی فلیگ میٹنگ میں تاجر برادری بھی شریک ہوئی۔

فلیگ میٹنگ کے بعد کمانڈنٹ ایف سی کرنل راشد صدیق نے ٹریڈرز کے ہمراہ باب دوستی پر مکمل ہونے والے قرنطینہ سینٹر کا دورہ بھی کیا جو کل سے آپریشنل ہوجائے گا۔

قرنطینہ میں خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ خیمے بنائے گئے ہیں۔ اس موقع پر کمانڈنٹ ایف سی کا کہنا تھا کہ افغان حکام کیساتھ اجلاس میں آمدورفت بحالی کا طریقہ کار طے کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ افغانستان سے آنیوالے پاکستانیوں کو قرنطینہ میں 14 دن رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 27 مارچ کو پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں پاکستان کی مغربی اور مشرقی سرحدوں کو مزید دو ہفتوں کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔