کوئٹہ: کرونا وائرس کا غیر تصدیق شدہ ٹیسٹ کرنیوالی لیبارٹری سیل

164

کوئٹہ میں کرونا وائرس کا غیر تصدیق شدہ ٹیسٹ کرنیوالی لیبارٹری کو سیل کردیا گیا۔

پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1100 سے تجاوز کرچکی ہے، 8 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد صحتیاب ہوچکے ہیں، بلوچستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 120 سے زائد ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق سیکریٹری صحت مدثر وحید ملک اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فہیم خان کی ہدایت پر کمیٹی نے کوئٹہ کے جناح روڈ پر واقع فیاض لیب کیخلاف کارروائی کی جس میں چیئرمین ڈاکٹر نسیم کٹکیزئی، سینئر ڈرگ انسپکٹر سرور خان کاکڑ اور یعقوب وردگ شامل تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ لیبارٹری میں کرونا وائرس کے غیر تصدیق شدہ ٹیسٹ 6 ہزار روپے میں کیئے جارہے تھے، لیبارٹری سیل کردی گئی، متعلقہ افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔

ڈاکٹر نسیم کٹکیزئی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی لیبارٹریز پر بھروسہ نہ کریں، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کی مشینیں بیرون ملک سے منگوائی ہیں، اس ٹیسٹ کی سہولت صرف فاطمہ جناح اسپتال کے ٹی بی سینیٹوریم میں دستیاب ہے، جہاں روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کے ٹیسٹ کیئے جارہے ہیں۔