طالبان نے افغان حکومت کے مذاکراتی کمیٹی کو مسترد کردیا

162

 طالبان نے افغان حکومت سے مذاکرات کے لیے 21 رکنی وفد کو امن معاہدے سے متضاد قرار دے کر مسترد کر دیا۔

افغان حکومت نے طالبان سے بات چیت کے لیے اکیس رکنی وفد کا اعلان کیا تھا جس پر طالبان کے ترجمان نے بیان جاری کیا کہ افغان حکومتی وفد میں تمام فریقوں کی نمائندگی نہیں ہے اس لیے مخصوص گروہ کی نمائندگی کرنے والے سے مذاکرات طالبان امریکہ امن ڈیل کی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ اور طالبان کے مابین گزشتہ ماہ امن معاہدہ ہوا تھا جو طالبان اور افغان سکیورٹی فورسز کے ایک دوسرے پر حملوں کے باعث پہلے ہی خطرے سے دوچار ہو چکا ہے، اب طالبان نے افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے کئے گئے مذاکراتی وفد کو بھی مسترد کر دیا ہے جو فریقین کے مابین مزید اختلافات کا سبب بنے گا۔

تاہم دوسری جانب افغان حکومت نے طالبان کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امن مذاکرات کے لیے کمیٹی بنانے کا اختیار حکومت کے پاس ہے ، نہ کہ  طالبان ۔