خواتین مارچ کی مکمل حمایت کرتے ہیں – شمع اسحاق بلوچ

480

سابق رکن بلوچستان اسمبلی اور نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری خواتین ڈاکٹر شمع اسحاق بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کئی سالوں سے خواتین 8 مارچ کو پوری دنیا میں مناتی ہیں کیونکہ اقوام متحدہ نے 8 مارچ کو خواتین دن کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا تھا دراصل اس دن کا اصل مقصد خواتین کو تعلیم اور شعوری طور پر آگاہی کے طور پر منایا جاتا ہے ہمارے اسلامی اقدار اور بلوچی اقدار بھی خواتین احترام اورعزت کا درس دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یکم مئی مزدوروں کا دن ہوتا ہے مادری زبانوں کا دن ہوتا ہے تو اسی مناسبت سے آٹھ مارچ کو خواتین کا دن منایا جاتا ہے بالخصوص معاشرے اور سماج میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے احساس اور ذمہ داری کے بارے میں متحرک کیا جائے ماضی میں بہت سارے ممالک میں خواتین کو دوسرے درجے کے شہری کی حیثیت دی جاتی تھی بلکہ انہیں ووٹ کا حق نہیں تھا سوئٹزر لینڈ جیسے ملک میں خواتین کو ایک ریفرنڈم کے ذریعے 1971ء میں ووٹ کا حق دیا گیا۔

ہمارے اپنے ملک میں بہت سے علاقوں میں ووٹ دینے کا حق خواتین کو نہیں دیا گیا لیکن اب جب الیکشن کمیشن نے 50فیصد خواتین کے ووٹ کو لازمی قرار دیا تو وہی عناصر خواتین کو ووٹ دینے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ کوئی بھی تحریک اخلاقی اقدار کے مطابق ہو۔ عورت ماں ہے، بہن، بیوی ہے اس کے تمام روپ اخلاق، محبت کے پیکر ہیں اس لئے ان کی قدر کی جائی اور ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے صنف کی بنیاد پر سماجی تفریق کو ختم کیا جائے۔