پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی، نیشنل پارٹی نے سینیٹر اشوک کمار کی بنیادی رکنیت ختم کردی

334

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پارٹی پالیسیوں کی خلاف ورزی پر سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار کی پارٹی رکنیت ختم کردیا۔

بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی نے سینیٹ و قومی اسمبلی میں پیش ہونے والے مجوزہ آئینی ترمیم کی مخالفت میں ووٹ دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پارٹی کے رکن سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار نے پارٹی پالیسیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرمی ایکٹ میں ترمیم کے حق میں ووٹ دے کر پارٹی کی بنیادی سیاسی فکر و فلسفے کی نفی کردی۔

نیشنل پارٹی کے مرکزی قائد و پارلیمانی لیڈر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے گذشتہ روز پریس کے سامنے آرمی ایکٹ میں مجوزہ ترمیم کے حوالے سے پارٹی پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک فرد کیلے آئین میں ہونے والی ترمیم کی نیشنل پارٹی سینیٹ میں مخالفت کرے گی اور اس عمل کو جمہوریت و آئین سے متصادم تصور کرتے ہوئے جمہوریت کے استحکام اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کرئے گی ۔

بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر اشوک کمار کے سینٹ میں رکنیت کو ختم کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجا جائے گا۔