جنگ روکنے کے لئے قاسم سلیمانی کو مار دیا – ٹرمپ

154

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھوں نے قاسم سلیمانی کو مارنے کا فیصلہ جنگ روکنے کے لیے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں تمام ضروری اقدامات کرنے کے لیے تیار ہوں خاص طور پر ایران کے حوالے سے۔

خیال رہے کہ ایران نے بغداد میں امریکی حملے کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کو ایک واضح دہشت گرد کارروائی قرار دیا ہے۔

امریکی صدر نے پریس کانفرنس سے خطاب میں واضح کیا کہ ہمارے اقدامات جنگ شروع کرنے کے لیے نہیں ہوتے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی ایک بیمار انسان تھے، انھوں نے معصوم لوگوں کو ہلاک کیا اور ان کے حملوں نے دور دور تک لوگ متاثر ہوئے حتی کے نئی دہلی اور لندن تک۔

ان کا مزید کہنا تھا ہم یہ جان کر سکھ کا سانس لے سکتے ہیں کہ ان کی دہشت ختم ہوئی۔

صدر ٹرمپ نے جنرل سلیمانی کو ایک دہشتگرد قرار دیا جو سینکڑوں امریکی عام شہریوں اور سپاہیوں کی موت کے ذمہ دار تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی مختصر نیوز کانفرنس میں امریکہ کے دشمنوں کو تنبیہ کی ہے۔

ان کا کہنا تھا ہم آپ کو تلاش کر لیں گے، ہم آپ کو تباہ کر دیں گے۔ ہم ہمیشہ امریکیوں کی حفاظت کریں گے۔