ایران : امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

264

 امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ ایران میں ادا کر دی گئی۔

دو روز قبل ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی عراق میں امریکی راکٹ حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔

گذشتہ روز عراق میں قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ ادا کی گئی تھی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی تھی۔

 آج جنرل قاسم سلیمانی کا جسد خاکی ایران لایا گیا تو بڑی تعداد میں شہری ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ ایرانی پرچم میں لپٹے جنرل قاسم سلیمانی کے تابوت کو طیارے سے اتارا گیا۔

 جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شہریوں نے سیاہ لباس پہن کر شرکت کی  اور قافلے کی شکل میں اہواز کی سڑکوں پر مارچ کیا۔

سوشل میڈیا پر ایک صارف نے جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں عوام کی بڑی تعداد کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

قاسم سلیمانی کی تدفین آبائی شہر کرمان میں منگل کے روز ہوگی۔

خیال رہے کہ ایران نے بغداد شہر میں قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا امریکا سے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے اور پاسداران انقلاب نے کہا ہےکہ وہ جلد امریکا کی اس عارضی خوشی کو سوگ میں تبدیل کر دیں گے۔