رونالڈو کے ہیئرڈریسر کی تشدد زدہ لاش برآمد

198

میڈریڈ: پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے ہیئرڈریسر اور میک اپ آرٹسٹ کی تشدد زدہ لاش سوئٹزرلینڈ کے ہوٹل سے برآمد ہوئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریکارڈو مارکویس فیرریرا کی لاش ہوٹل کے اُس کمرے سے ملی جہاں وہ کرسٹیانو رونالڈو کے بالوں کو نیا اسٹائل دیتے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق مقتول کی لاش سوئٹزر لینڈ کے نامور ہوٹل سے جمعے کے روز برآمد ہوئی، ہیئرڈریسر کو چھریوں کے وار سے قتل کیا گیا۔

مقتول ریکارڈو مارکویس کو بیڈ پر خون میں لت پت پایا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جب ہوٹل کا ملازم کمرے کی صفائی کے لیے پہنچا تو دروازہ پہلے سے ہی کھلا ہوا تھا، وہ جیسے ہی اندر داخل ہوا تو بیڈ پر ریکارڈو مارکویس کو خون میں لت پت پایا۔

ملازم نے انتظامیہ کو واقعے سے متعلق آگاہ کیا جس کے بعد وہاں پولیس کی بھاری نفری پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق مقتول کو چھریوں کے متعدد وار کر کے قتل کیا گیا۔

پولیس نے ہوٹل میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ حاصل کر کے تفتیش کا آغاز کردیا۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ہم قاتل تک جلد پہنچ جائیں گے کیونکہ کمرے سے اہم شواہد ملے ہیں۔

یاد رہے کہ ریکارڈو معروف فٹبالر رونالڈو کے نہ صرف ہیئرڈریسر تھے بلکہ وہ اُن کے میک اپ آرٹسٹ بھی تھے۔ مقتول نے فٹبالر کے ساتھ متعدد تصاویر بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی ہوئی تھیں۔