اوستہ محمد/سبی: فائرنگ کے واقعات میں تین افراد قتل

211

بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد اور سبی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات میں تین افراد قتل جبکہ بچی زخمی ہوگئی۔

جعفر آباد کے علاقے تحصیل اوستہ محمد کے نواحی علاقے صدرتھانہ کی حدود گاؤں قاضی عبدالصمد میں پرانی دشمنی کی بنا پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دوسگے بھائیوں چاکر جویا اور بجار جویا کوقتل کردیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر معصوم بچی صائمہ شدید زخمی ہوگئی، حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدر تھانہ کی پولیس جائے وقوعہ پہ پہنچ گئے اور نعشوں کو سول اسپتال اوستہ محمد لایا گیا۔

ورثاء نے لاشوں کو ڈیرہ مراد جمالی لاکر پٹ فیڈر کینال پل رکھ کر قومی شاہراہ پر دھرنا دیا، ٹائر جلاکر سندھ بلوچستان قومی شاہراہ کو بند کردیا جس سے ٹریفک کی آمدورفت بند ہوگئی، جعفر آباد پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین نے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر جویہ قومی اتحاد کے چیئرمین میر سفر خان جویہ اور دیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ میرے چچا کے گھر پر چھ مسلح افراد نے فائرنگ کر کے دو چچا زاد بھائیوں کو قتل کر دیا، ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے صدر پولیس اوستہ محمد کو اطلاع دینے کے باوجود بھی پولیس جائے وقوعہ پر دیر سے پہنچی اور ملزمان با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ماہ قبل بھی ان کے تیسرے بھائی کو قتل کیا تھا ایک مہینہ گرزنے کے باوجود بھی صدر پولیس اوستہ محمد نے اصل ملزمان کو گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی پولیس ہمارے ساتھ تعاون کر رہی ہے اگر پولیس تعاون کرتی تو یہ افسوسناک واقعہ رونما نہیں ہوتا۔

ایس ایس پی جعفر آباد نے بتایا کہ سید آصف علی شاہ نے بتایا کہ اوستہ محمد میں ہونے والے دو سگے بھائیوں کا قتل ذاتی رنجشوں کے سبب ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیئے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دے کر اندرون بلوچستان اور سندھ چھاپوں کے لیئے روانہ کر دی ہیں۔

دریں اثنا سبی سول اسپتال کے قریب نامعلوم افراد فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔

فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت شکر خان ولد لعل جان مری کے نام سے ہوئی ہے، لاش کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔