افغانستان: ہیلی کاپٹر گرنے سے 2 امریکی فوجی ہلاک

128

 افغانستان میں دو مختلف واقعات میں 2 امریکی فوجیوں سمیت 13 افغان فوجی ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے لوگر میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔ افغانستان میں اب بھی 12 ہزار امریکی فوجی افغان فوج کو ٹریننگ دینے، مدد فراہم کرنے اور عسکری کارروائیوں میں معاونت  کرنے کے لیے موجود ہیں۔

افغانستان میں امریکی حکام نے ہیلی کاپٹر حادثے کو تکنیکی خرابی قرار دیا ہے جب کہ طالبان نے ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج کو نشانہ بنایا ہے جس میں کئی امریکی فوجی اہلکار مارے گئے ہیں، امریکی فوجیوں کے انخلا تک ایسی کاروائیاں جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب صوبے قندوز میں طالبان جنگجوؤں نے افغان فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 13 فوجی اہلکاروں کو ہلاک کردیا، حملے میں 5 افغان فوجی زخمی بھی ہوئے۔ طالبان جنگجو افغان فوجیوں کا اسلحہ لیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ افغان فوج نے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ طالبان اور افغان حکومت کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت طالبان کے قید سے دو غیر ملکی پروفیسرز کو آزادی مل گئی ہے جب کہ بدلے میں انس حقانی سمیت 3 طالبان رہنما افغان جیل سے رہا ہوکر قطر پہنچ گئے تاہم امن کی صورت حال اب بھی کشیدہ ہے۔