گوادر : کلانچ سے 4 ہزار کی آبادی کو بیدخل کرنے کا فیصلہ

891

کلانچ میں اہل علاقہ کو گھر خالی کرنے کا نوٹیفیکیشن دیا گیا ہے۔

ٹی بی پی رپورٹر کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے علاقے کلانچ میں لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے ۔

کلانچ کے رہائشی ایک خاتون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں اس وقت نہ بجلی ہے نہ پانی ، لیکن ان مشکلات کو ہم کسی نہ کسی صورت برداشت کر رہے ہیں لیکن اب گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ہمیں علاقہ خالی کرنے کا دے دیاہے۔

کلانچ کی آبادی چار ہزار نفوس پر مشتمل ہے ۔

واضح رہے کہ چین کی شراکت داری سے گوادر میں پاکستان پورٹ بنا رہا ہے اور شہر سے مقامی بلوچوں کو ایک طرف جہاں مختلف بنیادی مسائل کا سامناہے وہی  پاکستان آرمی اور اس کے خفیہ اداروں کی جانب سے چھاپوں اور بلوچ نوجوانوں کی گرفتاری و اغواء کا سلسلہ تیزی کے ساتھ جاری ہے۔

گوادر کے رہائشی نوجوان عبداللہ کلمتی نے دی بلوچستان پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقامی بلوچوں کی بیدخلی اور غیر مقامی  بالخصوص پنجاب سے بڑی تعداد میں آباد کاری کے معاملے پر بلوچستان کی سیاسی و قوم پرست جماعتوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہے ۔

خیال رہے کہ چند روز قبل نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک نے سی پیک کی کامیابی کےلئے مکمل تعاون کرنے کی چینی حکام کو یقین دہانی کرائی تھی۔

تاہم بلوچستان کے مختلف علاقوں میں چینی حکام پر بلوچ آزادی پسند تنظیموں کی جانب سے حملے ہوتے رہتے ہیں ، جن میں خاص طور پر بلوچ لبریشن آرمی کی مجید برگیڈ نے دالبندین، کراچی اور گوادر میں چینی انجنیئروں پر خودکش حملے کئے۔