جدہ کے حرمین ریلوے اسٹیشن میں آتشزدگی سے 5 افراد زخمی

155

سعودی عرب کے شہر جدہ میں حرمین ریلوے اسٹیشن میں آتشزدگی کے باعث 5 افراد زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق آگ اسٹیشن کی چھت پر لگی ہے، سول ڈیفینس کی زمینی و فضائی ٹیمیں آگ بجھانے کی کوشش کر رہی ہیں اور آگ پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔

ٹوئٹر پر اپلوڈ ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جدہ ریلوے اسٹیشن کی چھت سے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں اور سول ڈیفینس کے ہیلی کاپٹر آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔

فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں جبکہ  واقعے کے بعد جدہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

آتشزدگی کے واقعے کے بعد مکہ مکرمہ اور مدینہ کے درمیان تمام ٹرینیں بھی معطل کردی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے  گزشتہ سال  مکہ اور مدینہ کے درمیان تیز ترین مسافر ٹرین  حرمین سروس کا افتتاح کیا تھا، ٹرین کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ  ہے۔

حرمین ریلوے کا ٹریک 450 کلومیٹر طویل ہے جو کہ مکہ اور مدینہ کو آپس میں ملاتا ہے، اس کی تعمیر پر 7 اعشاریہ 3 ارب ڈالر  لاگت آئی تھی۔