بلوچستان: ٹریفک حادثات میں خاتون و بچے سمیت 3 افراد جانبحق

103

ٹریفک حادثات مچھ، ڈیرہ مراد جمالی اور کوئٹہ میں پیش آئے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں خاتون اور بچے سمیت تین افراد جانبحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق بولان کے علاقے مچھ میں ٹھاکر ہوٹل کے قریب ٹرالر نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، حادثے میں ایک خاتون جاںبحق اور ایک شخص زخمی ہوئیں جنہیں مچھ ہسپتال پہنچایا گیا، زخمی کو ابتدائی طبعی امداد دینے کے بعد مزید علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جبکہ خاتون کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

ادھر ڈیرہ مراد جمالی سے کوئٹہ جاتے ہوئے نوتال کے قریب جماعت اسلامی کے قافلے میں شامل ویگن کا ٹائر برسٹ ہونے سے حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جانبحق ہوگیا۔

دریں اثنا دارالحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ پر عوامی پمپ کے قریب ٹریکٹر کی ٹکر سے بچہ جاںبحق ہوگیا جس کی شناخت 12 سالہ تنویر احمد ولد محمد قاسم سکنہ کھڈکوچہ، مستونگ کے نام سے ہوئی ہے۔

بلوچستان میں ٹریفک حادثات معمول کا حصہ بن چکے ہیں، روزانہ کئی افراد ان حادثات میں زخمی ہوتے ہیں اور کئی جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔

گذشتہ روز کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور نوشکی میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں ٹریفک پولیس اہلکار سمیت دو افراد جانبحق ہوئے تھے۔