افغانستان: کندز کے بعد طالبان نے بغلان صوبے پہ حملہ کردیا

562

صوبائی پولیس کے ترجمان جاوید بشارت نے کہا طالبان نے شہر کے مختلف حصوں پہ مربوط حملے کئے ہیں۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق افغانستان کے صوبے کندز میں طالبان کے گذشتہ روز کے حملے کے بعد آج بغلان صوبے  کے مرکز پلخمری پہ مختلف اطراف سے حملہ کیا ہے۔

پولیس ترجمان جاوید بشارت نے کہا کہ طالبان کے مربوط حملوں کو ناکام بنا دیا ہے ۔

تاہم بغلان کے صوبائی کونسل کے ممبر صفدر محسنی نے دعوی کیا کہ طالبان گورنر ہاوس سے ایک کلومیٹر کے فاصلے تک پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر بروقت مرکزی حکومت نے اضافی کمک روانہ نہ کی تو علاقے کو سقوط کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ٹویئٹر اکاونٹ سے پلخمری حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعوی کیا کہ انہوں نے مختلف مقامات پہ قبضہ کیا ہے اور جھڑپوں میں 32 اہلکار مارے گئے ۔

تاہم طالبان ترجمان کے دعووں کی آزاد زرائع سے تصدیق نہ ہوسکی ۔