متحدہ عرب امارات نے بھارتی وزیراعظم کو اعلیٰ ترین ملکی اعزاز دے دیا

256

متحدہ عرب امارات نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین ملکی اعزاز سے نوازا ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق آج بروز ہفتہ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کو متحدہ عرب امارات  حکومت نے اپنے اعلیٰ  ترین  شہری  اعزاز ‘آرڈر آف زید’  سے نوازا جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتے

بھارت جو دنیا میں تیل درآمد کرنے والا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے، متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو وسیع پیمانے پر فروغ دے رہا ہے۔ خلیج کی یہ ریاست بھارت سے آنے والی افرادی قوت پر انحصار کرتی ہے جس نے اس کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم  فرانس ، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے تین ملکی دورے کے دوسرے مرحلے میں جمعے کی شب پیرس سے  متحدہ عرب امارات کے دوالحکومت ابوظہبی پہنچے تھے۔

اس موقعے پر انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا میں ابھی ابوظہبی پہنچا ہوں، میں شہزادہ شیخ محمد بن زید  کے ساتھ بات چیت کے حوالے سے پرامید ہوں جس میں بھارت اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوستی کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس دورے کے دوران اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینا بھی ایجنڈے میں شامل ہوگا۔

امارات کے بعد مودی بحرین کے تاریخی دورے پر منامہ پہنچیں گے، یہ کسی بھی بھارتی وزیراعظم کا اس خلیجی ریاست کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔