بلوچستان اسمبلی : کوئلہ کانوں میں چائلڈ لیبر کے خاتمے سے متعلق قرارداد منظور

159

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں کوئلہ کانوں میں چائلڈ لیبر کے خاتمے سے متعلق قرارداد متقفہ طور پر منظور کرلی گئی۔

 بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سردار بابر خان موسی خیل کی زیر صدارت ہوا۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی نصرااللہ زیرے نے چائلڈ لیبر سے متعلق قرارداد پیش کی اور کہا کہ بلوچستان کے مختلف کوئلہ کانوں میں 17 سال سے کم عمر بچے محنت مشقت کر رہے ہیں جو نہ صرف ایک المیہ ہے بلکہ چائلڈ ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی بھی ہے۔

اجلاس میں دیگر اراکین نے  بھی اظہار خیال کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چائلڈ ایکٹ کے خلاف ورزی کرنے والے کوئلہ مالکان کے خلاف فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کمرعمر بچوں کو محنت و مشقت سے بچایا جانا ممکن ہوسکے۔

اجلاس میں 110 کلومیٹر ماشکیل نوکنڈی شاہراہ کی تعمیر اور بلوچستان  کے مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کے حملے کے باعث زرعی اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ اور ازالے سے متعلق قرارداد بھی منظور کرلی گئی۔

صوبہ بلوچستان میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور یہاں اکثر کوئلے کی کانوں میں حادثات ہوتے رہتے ہیں۔