کوئٹہ: بلوچستان ایجو کیشنل ایمپلائز یونین کا دوسرے روز بھی دھرنا

150

دارالحکومت کوئٹہ میں بلوچستان ایجو کیشنل ایمپلائز یونین کے زیر اہتمام اپنے مطالبات کی حق میں دوسرے روز بھی سول سیکرٹریٹ کے قریب ہاکی چوک پردھرنا جاری رہا جس میں بلوچستان بھر سے اساتذہ سمیت سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کرکے اظہار یکجہتی کی۔

بلوچستان ایجو کیشنل ایمپلائز یونین کے رہنماؤں نے کہا کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہیں کیا تو ہم مزید سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی اور حکومت وقت نے ہماری کسی بھی ممبر کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف بلوچستان بھر میں تمام تعلیمی ادارے بشمول کالجوں، ڈسٹرکٹ آفسز، ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی تالا بند ہوگی۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے ثناء بلوچ، بلوچستان ڈیموکریٹک پارٹی کے عبدالحئی بلوچ، سینیٹر عثمان کاکڑ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے احتجاج میں شرکت کرکے مظاہرین اظہار یکجہتی کی، رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ بجائے اپوزیشن کے ساتھ ملکر ایک مخلص کمیٹی تشکیل دینے کے ٹویٹر پر دھمکی اور قانونی کاروائی کی بات کرکے حالات کو مزید خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

سیاسی رہنماؤں نے حکومت کو مہلت دی کہ اساتذہ کے مطالبات مانے جائیں نہیں تو 25جولائی کو یہ مطالبات صرف اساتذہ کے نہیں بلکہ بلوچستان کے تمام سیاسی جماعتوں کے ہونگے۔

دوسری جانب حکومتی اراکین نے ایجو کیشنل ایمپلائز یونین کے عہدیداروں سے رات گئے تک ملاقات کی تاہم اب تک مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

ثناء بلوچ اور عبدالحئی بلوچ سمیت مختلف سیاسی رہنماوں نے احتجاج میں شرکت کی

کوئٹہ میں اساتذہ کے احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوکر رہے گیا، شہر کے مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی،پرنس روڈ،لیاقت بازار،سریاب روڈ جوائنٹ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی رک گئی، شدید گرمی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔