قلات: ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 2 افراد جانبحق، 4 زخمی

85

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جانبحق جبکہ چار افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں مزید علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق قلات سے 25 کلو میٹر دور رودینجو کے علاقے میں نیشنل ہائی وے پر ایک پک اپ گاڑی نے سائیکل سوار کو کچل دیا جس کے نتیجے میں سائیکل سوار رحمت اللہ ولد عبدالرسول مینگل سکنہ رودینجو موقع پر جانبحق ہوگیا جبکہ گاڑی ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

لاش کو لیویز نے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا جہاں پر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی اور لیویز اس حوالے مزید تفتیش کررہی ہے۔

دریں اثناء ڈگری کالج کے قریب نیشنل ہائی وے پر مستونگ سے قلات آنے والی کار گاڑی اور وین کے درمیان ٹکر سے خاتون جانبحق جبکہ چار افراد شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں میں شاہ زمان، محمد عثمان اور محمد یونس اور وکاش کمار شامل ہیں۔

لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں پر زخمیوں کو طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں مزید علاج کیلئے کوئٹہ ریفر کردیا گیا جبکہ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔