عوام کو سلیکٹیڈ حکومت کے عذاب سے بچانے کے لیے اپوزیشن متحد ہوئی ہے – نیشنل پارٹی

161
File Photo

نیشنل پارٹی نے اپنے مرکزی بیان میں کہا کہ کل کا جلسہ عام جمہوریت کے استحکام کے لیے سنگ میل ہے بلوچستان کے عوام جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا قومی و سیاسی کردار ادا کرتے ہوئے بھرپور انداز میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔

بیان میں کہاگیاکہ 25 جولائی 2018 کو تاریخی دھاندلی کے ذریعے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا اس دن کو تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے ملک کی تمام سیاسی و جمہوری جماعتیں متحد ہو کر منا رہی ہیں یہ احتجاج سلیکٹیڈ حکومت اور اس کے اتحادیوں کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف عوام کا ریفرنڈم ثابت ہوگا، دھاندلی کی بنیاد پر قائم سلیکٹیڈ حکومت نے عوام کے لیے مشکلات و مسائل کا انبار لگا دیا ہے، مہنگائی و بے روزگاری نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے ملکی اقتصادیات غلط پالیسیوں کی وجہ سے تباہ ہوتی جارہی ہے، آئی ایم ایف کے معاہدے کی وجہ گیس و بجلی کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہیں، عوام نان شبینہ کا محتاج ہوتا جارہا ہے ملک کا ترقیاتی پیشہ رک چکا ہے کاروباری لوگ روز نئے ٹیکسوں سے پریشان سراپا احتجاج ہیں لیکن عوام دشمن سلیکٹیڈ حکومت کے کانوں میں جو بھی نہیں رینگتی ہے۔

نیشنل پارٹی کے بیان میں کہا گیا کہ عوام کو سلیکٹیڈ حکومت کے عذاب سے نکالنے کے لیے اپوزیشن جماعتیں متحد ہو کر باہر نکل چکے ہیں عوام کی تائید و حمایت اپوزیشن کے ساتھ ہے سلیکٹیڈ حکومت حواس باختہ ہوکر سیاسی رہنماؤں اور اراکین پارلیمنٹ کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات قائم کرکے گرفتاری کررہی ہے۔

بیان میں عوام سے اپیل کی گئی کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی انسانی حقوق،میڈیا کی آزادی، پارلیمنٹ کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپوزیشن کی جماعتوں کا ساتھ دے کر 25جولائی کو یوم سیاہ منائیں اور کوئٹہ جلسہ عام کو کامیاب کریں۔