بلوچستان: ایک شخص بازیاب، مزید 6 افراد لاپتہ

100

بلوچستان کے ضلع کیچ سے تین سال قبل لاپتہ کیئے جانیوالا شخص بازیاب ہوگیا جبکہ کیچ اور آواران مزید چھ افراد کو جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آواران کے علاقے پیراندر، مسکان بازار اور زیارت ڈن سے پاکستانی فورسز دوران آپریشن طاہر ولد خان محمد سکنہ مسکان، ہاشم ولد دلمراد، وحید ولد دلمراد، وزیر نمبو اور سخی داد سکنہ زیارت ڈن کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق دوران آپریشن فورسز نے گھروں میں لوٹ مار کے ساتھ خواتین و بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچ ہیومن رائٹس آرگنائزیشن نے رواں سال بلوچستان میں انسانی حقوق کے پامالیوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جاری کردی۔

اسی طرح ضلع کیچ سے بھی فورسز نے ایک شخص کو حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔ جس کی شناخت بیبگر ولد نورمحمد سکنہ ملاچات مند سے ہوئی ہے۔

کیچ ہی سے اطلاعات ہیں کہ تین سال قبل فورسز کے ہاتھوں حراست بعد لاپتہ ہونے والا عبدالرزاق ولد امید علی سکنہ گوکدان تربت بازیاب ہوکر گھر پہنچ گیا ہے ۔

واضح رہے جہاں کئی سالوں سے لاپتہ افراد بازیاب ہورہے ہیں اسی کے ساتھ مزید لوگوں کو جبری گمشدگیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس حوالے سے گذشتہ دنوں نیشنل پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عبدالمالک کا کہنا تھا کہ جب تک ہم ان مسائل کو سیاسی طور پر بیٹھ کر حل نہیں کرینگے تو ایک شخص کو بازیاب کرنے کے بعد مزید دس افراد کو لاپتہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: لاپتہ افراد کو کسی پارٹی نے نہیں بلکہ جنہوں نے لاپتہ کیا وہی رہا کررہے ہیں – جان محمد بلیدی

دوسری جانب بلوچستان میں انسانی حقوق اور سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ کئی سالوں سے لاپتہ افراد کی بازیابی خوش آئندہ عمل ہے لیکن مزید لوگوں کو جبری طور پر لاپتہ کرنے کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہیئے۔