گوادر: بجلی بندش پر عوام سراپا احتجاج

181

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں بجلی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور ریلی نکالی گئی۔

تفصیلات کے مطابق آل پارٹیز کی کال پر بجلی بحران کے خلاف موٹرسائیکل ریلی نکالی گئی اور کیسکو کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔ گوادر کے مین بازار ملا فاضل چوک سے لیکر کر ڈپٹی کمشنر گوادر کے آفس تک ریلی نکالی گئی اور وہاں جاکر دہرنا دیا گیا۔

احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ ایک جانب گوادر شہر کی ترقی کی باتیں ہورہی ہیں، سی پیک اور دیگر بڑے بڑے منصوبوں پر باتیں ہورہی ہیں لیکن گوادر شہر ابھی تک بجلی جیسے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ گوادر سمیت پسنی میں بجلی کے بحران نے لوگوں کوذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے اور لوگ آئے روز سڑکوں پر نکل کر احتجاج کررہے ہیں لیکن دوسری جانب صوبائی حکومت مکمل طور پر خاموش تماشاہی بنی ہوئی ہے۔

مظاہرین سے کہاکہ کیسکو گوادر کے افسران کسی کی بھی بات نہیں سنتے اور کسی محلے کا اگر ٹرانسفارمر جل جاتا ہے تو لوگوں سے منہ مانگے پیسے طلب کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع گوادر میں کیسکو افسران کی کرپشن اور بھتہ خوری سرِعام جاری ہے لیکن انہیں پکڑنے والا کوئی نہیں ہے۔