بلوچستان کے تمام فیڈرز پر 3 گھنٹے اضافی بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ

133

پاکستان کی  وفاقی حکومت نے بلوچستان کے شہری اور دیہاتی تمام فیڈرز پر 3 گھنٹے اضافی بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم آفس میں بجلی کے مسائل پر بلوچستان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری، وزیراعظم کے مشیر محمد شہزاد ارباب، وزیر توانائی عمر ایوب خان، جہانگیر ترین ،وفاقی وزیر زبیدہ جلال اور ایم این خالد مگسی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بلوچستان کے شہری اور دیہاتی تمام فیڈرز پر تین گھنٹے اضافی بجلی فراہم کی جائے گی جو 3 ماہ تک جاری رہے گی جب کہ اس عرصے کے دوران صوبے میں بجلی مسائل کے حل کے لئے جامع اقدامات اٹھائے جائیں گے، اور بلوچستان میں 29500 ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے جامع منصوبہ بھی بنایا جائے گا۔