بلوچستان: مختلف حادثات و واقعات میں 2 افراد جانحق، 2 زخمی

114

حادثات اور واقعات دارالحکومت کوئٹہ، ضلع مستونگ اور نوشکی میں پیش آئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ، ضلع مستونگ اور نوشکی میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات اور فائرنگ کے واقعے میں مجموعی طور پر دو افراد جانبحق اور بچے سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں قمبرانی روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جانبحق اور ایک زخمی ہوگیا جنہیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچوں کی لڑائی میں بڑے بھی شامل ہوگئے، تصادم میں لال محمد ولد باز محمد جاںبحق اور نور محمد ولد باز محمد زخمی ہوئے ہیں۔

ضلع مستونگ کے علاقے کردگاپ میں قومی شاہراہ پر کار گاڑی اور موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار گلبدین ولد ملا سیف الدین سرپرہ ساکن کردگاپ جانبحق ہوگیا جن کی نعش کو سول ہسپتال مستونگ منتقل کردیا گیا۔

دریں اثنا ضلع نوشکی میں کمسن بچہ موٹرسائیکل چلاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے نوعمر لڑکے کی شناخت عبدالغفور ولد عبدالکریم ساکن زرین جنگل کے نام سے ہوئی ہے ۔