بلوچستان: زامران سے لاپتہ 4 افراد بلیدہ سے بازیاب

295

پاکستانی فورسز نے مارچ کے مہینے میں زامران میں چھاپہ مار کر متعدد افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا تھا ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق زامران میں 19 مارچ کو پاکستانی فورسز کے ہاتھوں دوران چھاپہ لاپتہ ہونے والے چار افراد بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں ۔

بازیاب ہونے والے افراد میں  اکبر ولد خدا بخش ، اسلام ولد اکبر ، عبدالخالق اور آدم بلوچ شامل ہیں ۔

مذکورہ افراد صوبائی وزیر ظہور بلیدی کے قریبی رشتہ دار ہیں اور ان کو فورسز و خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے ظہور بلیدی کے گھر بلیدہ میں لاکر خاندان والوں کے حوالہ کیا۔

 واضح رہے کہ 19 مارچ  کو زامران  میں  فورسز نے چھاپہ مار کر بڑے پیمانے پر گھروں کی تلاشی کے بعد درجنوں گاڑیوں ، موٹر سائیکل اپنے ساتھ لے جانے سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پہ منتقل کر دیا تھا۔

دوران چھاپہ فورسز نے متعدد افراد کو حراست میں لے نامعلوم مقام پہ منتقل کر دیا جن میں سے چند ایک کو بعد میں رہا کردیا گیا تھا لیکن اکبر ولد خدا بخش ، اسلام ولد اکبر ، عبدالخالق اور آدم بلوچ تاحال لاپتہ تھے جنہیں گذشتہ رات رہا کردیا گیا  ۔