واشک: مذہبی شدت پسندوں و فوج کا حملہ پسپا کر دیا – بی ایل ایف

182

پاکستانی فوج اور اس کے پراکسی بلوچستان میں نسل کشی اور جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں، ان کا ہر حال میں احتساب اور سزا جاری رکھیں گے – گہرام بلوچ

بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان گہرام بلوچ نے کہا کہ پیر کے روز ضلع واشک کے علاقے راغے کْلان میں مسلح دفاع کے کارندوں نے دو ساتھی سرمچاروں کو اْس وقت گھیرنے کی کوشش کی جب وہ معمول کی گشت پر تھے۔ اس دوران قابض ریاست کی حمایت یافتہ مذہبی شدت پسند تنظیم مسلح دفاع اور ہمارے سرمچاروں کے درمیان ایک جھڑپ شروع ہوئی۔ مسلح دفاع کی مدد کیلئے پاکستانی فوج اور سرمچاروں کی مدد کیلئے قریبی کیمپ سے دیگر سرمچار موقع پر پہنچ گئے۔ یوں جھڑپ ڈیڑھ گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں قابض فوج اور مسلح دفاع کو جانی نقصان اْٹھانا پڑا جبکہ سرمچار بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ان علاقوں میں پہلے بھی اس طرح کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ان مقامی ڈیتھ اسکواڈز کو علی حیدر محمد حسنی کی سربراہی میں قابض فوج کی مدد سے چلایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج اور اس کے پراکسی بلوچستان میں نسل کشی اور جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔ بلوچستان کی آزادی کی جد و جہد میں سرمچار ان کا ہر حال میں احتساب اور سزا جاری رکھیں گے۔ ہم عالمی قوانین کے مطابق آزادی کی جد و جہد کو منزل تک پہنچائیں گے۔