مشرق وسطیٰ کو عدم استحکام کا شکارکرنے میں ایران کا کلیدی کردار ہے – امریکہ

36

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہےکہ انہیں پورا یقین ہے کہ ایران پر عائد کی جانے والی پابندیوں کے بعد تہران واشنگٹن کے ساتھ بات چیت پرمجبور ہوجائے گا۔

دی بلوچستان پوسٹ سوشل میڈیا مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق سماجی روابط کی ویب سائیٹ ٹویٹر میں ایک ٹویٹ میں امریکی صدر ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے حوالے سے اختیار کردہ پالیسی پراپنی انتظامیہ میں اختلافات کی خبروں کی تردید کی۔

انہوں نےکہا کہ کسی مسئلے پر مختلف آراء کا اظہار الگ بات ہے اور حتمی فیصلہ بہت سادہ طریقے سے کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں شبہ نہیں کہ مشرق وسطیٰ کو عدم استحکام کا شکارکرنے میں ایران کا کلیدی کردار ہے مگرایران کو اس سے کوئی فائدہ نہیں پہنچےگا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے امریکی صدر نے ایرانی تیل کی عالمی منڈی میں خریدو فروخت پر پابندی عائد کردی تھی جس کے بعد امریکا اور ایران کےدرمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا تھا۔ دونوں میں کشیدگی کے دوران ایران نے آبنائے ہرمز بند کرنے اور تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔

ایرانی دھمکیوں کے بعد امریکہ نے بھی ممکنہ ایرانی جارحیت کےجواب کے لیے جنگی بیڑا اور جنگی طیارے مشرق وسطیٰ پہنچا دیئے ہیں۔