کوئٹہ: کالعدم تنظیم کے اہم رکن کو گرفتار کرلیا گیا – سی ٹی ڈی 

177
file photo

ہزارہ برادری کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

کوئٹہ: محکمہ اسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) بلوچستان نے خروٹ آباد کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ہزارہ برادری کے افراد کی مبینہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم کا اہم دہشت گرد گرفتار کرنے کا دعویٰ کردیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد کی شناخت غلام فاروق کے نام سے ہوئی ہے۔

ان کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے بارودی مواد، ہینڈ گرنیڈ، پرائمہ کارڈ اور بال بیرنگ برآمد کی گئی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملزم پولیس اہلکاروں اور ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ملزم کالعدم تنظیم داعش کے کمانڈرز نعمت اللہ اور ممتاز پہلوان کا قریبی ساتھی تھا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’گرفتار ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے اور اہم انکشافات کی توقع ہے‘۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں ہونے والے خود کش دھماکے میں ہزارہ برادری کے 7 افراد سمیت کم از کم 20 افراد جانبحق اور 48 زخمی ہوئے تھے۔

البتہ امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق عالمی شدت پسند تنظیم داعش نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اہل تشیع آبادی اور پاک فوج کو نشانہ بنایا، دہشت گرد تنظیم نے مذکورہ خود کش بمبار کی تصویر بھی نام کے ساتھ جاری کی تھی۔

دوسری جانب

تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ  ہزار گنجی میں ہونے والے دھماکے سے ہمارا کوئی   تعلق نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے حوالے سے میڈیا میں شائع ہونے والے رپوٹس میں کوئی صداقت نہیں جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ حملہ تحریک طالبان پاکستان نے کیا ہے. ہم اس واقعے سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔