مولانا فضل الرحمان اپوزیشن کے اچھے رہنما ہیں انہیں ہماری شاگردی میں آجانا چاہیے- بلاول بھٹو

262

 چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین ملک کے ڈپٹی وزیر اعظم بنے ہوئے ہیں۔

نوڈیرو ہاؤس لاڑکانہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کے مسائل کا حل کسی ایک فرد کے پاس نہیں بلکہ سب کو مل کر صوبے کے مسائل کے حل کے لیے کام کرنا چاہیے، کم وسائل کو صحیح استعمال کرکے زیادہ فائدہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان خود کو نوجوانوں کا لیڈر کہتے ہیں لیکن ملک میں ڈپٹی وزیراعظم شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین بنے ہوئے ہیں، عمران خان کو نوجوانوں کو آگے لانا چاہیے، عوام دشمن حکومت مزید نہیں چل پائے گی، میں نوجوان ہوں اور نوجوان سیاست کا دور ہے، مولانا فضل الرحمان اپوزیشن کے اچھے رہنما ہیں انہیں ہماری شاگردی میں آجانا چاہیے، اگر وہ ہماری تربیت میں آجائیں تو ملک کے لیے بہتر ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ غریبوں کی کس طرح مدد کریں، موجودہ حکومت ہمارے ہی جاری کردہ پروگرام کا نام تبدیل کرکے کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہی ہے، یہ پروگرام  2010ء میں قائم علی شاہ نے شروع کیا تھا، اب ہم سندھ کی خواتین کو سیاسی طور پر بھی مستحکم کریں گے، آئندہ حلقوں میں خواتین کی اجازت سے ہی امیدوار کو تیر کا نشان الاٹ کیا جائے گا۔