مستونگ: ہیلتھ ورکرز و رضا کاروں نے پولیو مہم کے بائیکاٹ کا عندیہ دے دیا

86

حکومت کے پاس ہر چیز کے لیے فنڈز موجود ہے لیکن پولیو ورکرز  کیلئے نہیں ہے – پولیو ورکرز

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ کے سینکڑوں ہیلتھ ورکرز و رضاکاروں نے آئندہ آنے والی پولیو مہم کے بائیکاٹ کا عندیہ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق ضلع مستونگ میں اسوقت انسداد پولیو مہم میں سینکڑوں ہیلتھ ورکرز و رضاکار کام کر رہے ہیں جنہیں گذشتہ گیارہ مہم کے تکمیل پر حکومت بلوچستان کی جانب سے رقم کی تاحال ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: پولیو ٹیم پر حملہ، خاتون ورکر زخمی

ہیلتھ ورکرز و رضاکاروں نے بتایا کہ ہم نے محکمہ صحت مستونگ اور ڈپٹی کمشنر مستونگ کو بھی اپنی مشکلات سے آگاہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم انتہائی مشکل و نامساعد حالات میں قلیل معاوضوں کے عوض کام کر رہے ہیں، دوران پولیو مہم اگر کوئی معمولی غفلت یا کوتاہی ہو جائے تو حکام کی جانب سے کئی تلخ باتیں بھی ہم سنتے ہیں مگر اس کے باوجود ہمیں ہمارا جائز حق گذشتہ گیارہ مہم سے نہیں دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس ہر چیز کے لئے فنڈز موجود ہیں مگر جو خواتین رضاکار گھروں کو چھوڑ کر سخت مشکلات کی پروا کئے بغیر لوگوں کے بچوں کو پولیو جیسے مرض سے بچانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں ان کے لئے فنڈز نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: پولیو سے بچاؤ، پاکستان پر عائد سفری پابندیوں میں توسیع

انہوں وزیر اعلیٰ بلوچستان، سیکرٹری صحت اور سیکرٹری خزانہ ڈپٹی کمشنر مستونگ سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام راونڈز کی فوری ادائیگی کی جائے بصورت دیگر ہم پولیو مہم کا بائیکاٹ کریں گے۔