پاکستان : اسلام آباد سے لاپتہ چینی باشندے کی لاش برآمد

204

اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے چینی شہری کی لاش ایکسپریس وے کے نزدیک اقبال ٹاؤن سے بر آمد کرلی گئی۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق  ہلاک چینی باشندے کے دوست کی درخواست پر کوہسار پولیس اسٹیشن میں درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ “ایف آئی آر” میں کہا گیا تھا کہ لی جن کیونگ 13 اپریل کو اسلام آباد پہنچے تھے جس کے 2 روز بعد وہ دوائیں لینے کے لیے گھر سے باہر نکلے تھے لیکن واپس نہیں لوٹے۔

پولیس نے اس وقت پاکستان پینل کوڈ پی پی سی کی دفعہ 365 اغواء کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا۔

ایف آئی آر میں لی کے دوست کا کہنا تھا کہ چینی باشندہ اپنا موبائل فون، پاسپورٹ اور دیگر سامان کمرے میں ہی چھوڑ کرگیا تھا اور ان کو مقامی زبان بھی نہیں آتی تھی۔

سپرینٹنڈنٹ پولیس ایس پی عمر خان کے مطابق چینی باشندے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پمز ہسپتال روانہ کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی باشندے کی ہلاکت کو ابھی قتل قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لاش پر سر پر واضح چوٹ کسی چاقو یا گولی کی نشان دہی نہیں کرتی، اِس سے لگتا ہے کہ چینی باشندے کا سر پتھر یا کسی ڈنڈے سے ٹکرایا تھا تاہم حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آسکیں گے۔

عمر خان کا کہنا تھا کہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ ایف آئی آر میں قتل کی دفعات شامل کی جانی چاہیے یا نہیں۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کو ہومیسائیڈ “قتل” یونٹ کے حوالے کردیا گیا ہے۔