‎ڈاکٹر سلطان ترین پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ – بلوچ ڈاکٹرز فورم

115

بلوچ ڈاکٹرز فورم کے ترجمان نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سابقہ صدر اور سینئر ڈاکٹر سلطان ترین پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں اس سے پہلے بھی ڈاکٹروں پر تشدد کے واقعات ہوتے آرہے ہیں ۔

‎صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ان واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے جو باعث افسوس ہے۔ کچھ عرصہ خاموشی کے بعد ڈاکٹروں کے اغواء برائے تاوان میں اضافہ ہورہا ہے  جبکہ ڈاکٹر دین محمد اور ڈاکٹر اکبر مری تاحال لاپتہ ہیں۔

‎ترجمان نے کہا کہ بی ڈی ایف کی جانب اس حوالے سے اپنے تحفظات کا بارہا اظہار کر چکی ہے لیکن تاحال اس حوالے سے کوئی سنجیدہ اقدام دیکھنے کو نہیں آرہا جس کی وجہ سے ڈاکٹروں کو کام کرنے میں مشکلات درپیش ہورہی ہیں ۔

‎ہم صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سلطان ترین اور ٹراما سینٹر میں ڈاکٹر پر حملہ آور کو پکڑ کر کڑی سے کڑی سزاء دیں اور ڈاکٹروں کے تحفظ کے حوالے سے عملی اقدام کریں ۔