کراچی: دارالعلوم کورنگی کی 2 گاڑیوں پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 2 زخمی

316

کراچی میں نیپا چورنگی اور نرسری میں 30 منٹ کے دوران دارالعلوم کورنگی کی گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق نرسری میں فائرنگ کا نشانہ بننے والی گاڑی میں مولانا تقی عثمانی بھی سوار تھے لیکن وہ اس میں محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ یونیورسٹی روڈ پر نیپا چورنگی پر پیش آیا، جس میں 2 موٹرسائیکلوں پر سوار ملزمان ٹویوٹا کرولا کار ATF-908 پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے اور ایک گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں مولانا شہاب اللہ اور ان کا ڈرائیور صنوبر خان جاں بحق ہوئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والی گاڑی دارلعلوم کورنگی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

فائرنگ کا دوسرا واقعہ شاہراہ فیصل پر نرسری کے قریب پیش آیا جہاں پر ایک کالے رنگ کی ہنڈا سوک کار BKE-748 پر فائرنگ کی گئی۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے کار میں دو افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

محکمہ ایکسائز سندھ کے مطابق دوسری گاڑی محمد تقی عثمانی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔