پاکستان کی فضائی حدود 28 روز بعد بحال 

100
File Photo

راولپنڈی: پاکستان نے بھارت کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کی وجہ سے بند کی گئی فضائی حدود کو 28 روز بعد تمام ملکی اور غیرملکی پروازوں کے لیے مکمل طور پر بحال کردیا۔

رواں ماں کے آغاز میں ملک میں اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سے جزوی طور پر پروازوں کا آپریشن بحال کیا گیا تھا۔

تاہم اب تمام ایئرپورٹس سے ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کے فلائٹ آپریشنز شیڈول کے مطابق بحال ہوجائے گا لیکن ٹرانزٹ پروازیں معطل رہیں گی۔

خیال رہے کہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں 27 فروری کو تمام ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے لیے پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کردی تھی، جس کے بعد پروازوں کا آپریشن معطل ہوگیا تھا۔

سول ایوی ایشن کی جانب سے تمام فضائی کمپنیوں کو اپنی فضائی حدود کی بندش سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیے گئے تھے۔

اس ماہ کے آغاز میں پاکستان نے تقریباً ایک ہفتے تک فضائی حدود کی بندش کے بعد اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سے محدود پروازوں کا آپریشنز بحال کیا تھا، بعد ازاں علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ لاہور پر بھی محدود پروازوں کے آپریشن کی اجازت دے دی گئی تھی۔

اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور کا کہنا تھا کہ فضائی حدود کھلنے کے بعد پاکستان انٹرنیشل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے ملک کے تمام ایئرپورٹس پر اپنی فلائٹس بحال کردی تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بینکاک، کوالالمپور اور نئی دہلی کے لیے پروازیں نہیں چلیں گی۔