وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ کےلئے مختلف منصوبوں کی منظوری دے دی

191

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے 25ارب روپے کی لاگت کے کوئٹہ ترقیاتی پیکج میں شامل شہر کی مختلف سڑکوں کی توسیع، تعمیر ومرمت کے منصوبوں کی منظوری دے دی،

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں پچیس ارب روپے کی لاگت کے کوئٹہ ترقیاتی پیکج میں شامل شہر کی مختلف سڑکوں کی توسیع، تعمیر ومرمت کے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کو منصوبوں پر فوری طور پر عملدرآمد کے آغاز اور مقررہ مدت کے اندر معیار کے مطابق تکمیل کی ہدایت کی گئی۔

صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی، چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات، سیکریٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام اجلا س میں شریک تھے۔

کوئٹہ ترقیاتی پیکج میں شامل منصوبوں کی تکمیل سے ایک جانب تو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا تو دوسری جانب ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور بہاؤ میں بہتری آئے گی اور ٹریفک مسائل کا خاتمہ ہوگا۔ کوئٹہ ترقیاتی پیکج میں وفاقی حکومت کی گرانٹ شامل ہے جبکہ صوبائی حکومت نے بھی خطیر فنڈز مختص کیئے ہیں۔

کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی جو ترقیاتی پیکج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر بھی ہیں نے اجلاس کو پیکج میں شامل جاری منصوبوں کی پیشرفت اور مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی، پیکج کے جاری منصوبوں میں پانچ ارب روپے کی لاگت سے جوائنٹ روڈ کی توسیع وتعمیر 4.814 ارب روپے کی لاگت سے سبزل روڈ کی توسیع و تعمیر اور بہتری کے منصوبے شامل ہیں جن کے لئے فنڈز صوبائی حکومت نے فراہم کیئے ہیں۔

وفاقی اور صوبائی حکومت کے فنڈز سے نئے منصوبوں سریاب روڈ پر 13.9 ارب روپے کی لاگت سے دوکلومیٹر طویل فلائی اوور کی تعمیر، مغربی اور مشرقی بائی پاس کو منسلک کرنے کے لئے مختلف مقامات پر نئی سڑکوں کی تعمیر، 40کروڑ روپے کی لاگت سے لنک بادینی روڈ کو دورویہ بنانے، 50 کروڑ کی لاگت سے ایئرپورٹ کے لئے متبادل سڑک کی تعمیر، 1.1 ارب روپے کی لاگت سے سبزل روڈ کی توسیع، 2.7 ارب روپے کی لاگت سے ہزارہ ٹاؤن مغربی بائی پاس سے مشرقی بائی پاس کو منسلک کرنے کے لئے سڑک کی تعمیر، 80 کروڑ روپے کی لاگت سے سریاب روڈ ریڈیو اسٹیشن سے مغربی بائی پاس کو منسلک کرنے کے لئے سڑک کی تعمیر، 50 کروڑ کی لاگت سے مغربی بائی پاس تا قمبرانی روڈ کی تعمیر اور 2.4 ارب روپے کی لاگت سے ایئرپورٹ کی توسیع اور بہتری کے منصوبے شامل ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کوئٹہ ترقیاتی پیکج کو شہر کی بہتری اور شہریوں کو آمدورفت کی جدید سہولتوں کی فراہمی کی جانب اہم پیشرفت قراردیتے ہوئے کہا کہ مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے اور عدم توجہی کے باعث کوئٹہ شہر طویل عرصہ سے گوناگوں مسائل کا شکار رہا ہے بالخصوص بڑھتی ہوئی آبادی سے ٹریفک کے دباؤ میں اضافہ ہوا ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی بھی بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ سے تعطل کا شکار کوئٹہ ترقیاتی پیکج پر عملدرآمد سے مسائل حل ہوں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل ہرقسم کی رکاوٹ کو فوری طور پر دور کرکے انہیں جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ ترقیاتی پیکج شہر کے لئے گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا جس سے معاشی سرگرمیوں میں بھی تیزی آئے گی۔