لاپتہ افراد میں سے 72 بازیاب ہوئے ہیں – وزیر داخلہ بلوچستان

88

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے حکومت اور وزارت داخلہ بلوچستان کی جانب سے مخلصانہ کوششوں اور اقدامات کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور انکے ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے اب تک صوبے بھر سے 72 لاپتہ افراد کو بازیاب کرا لیئے گئے ہیں جس کی تصدیق لاپتہ افراد کے بازیابی کیلئے کوشاں رہنما نصراللہ بلوچ نے بھی کی ہے۔

ان تمام بازیاب ہونے والے لاپتہ افراد کے نام مسنگ پرسنز (missing persons) کے رہنماؤں نصراللہ بلوچ اور ماما قدیر کے جانب سے حکومت کو موصول ہونے والے لاپتہ افراد کے ناموں کے لسٹ سے ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے مسئلے کو حل کرنے، انکے بازیابی اور بلوچستان اور بلوچستان کے دوسرے اہمیت کے حامل مسائل کے حل کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے سنجیدہ اقدامات پر کسی کو شک نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ لاپتہ ہونے والے ہر فرد کے بازیاب ہونے کی خبر ملنے سے انہیں دلی اطمنان اور خوشی ہوتی ہے کہ انہوں نے لاپتہ افراد کے لواحقین، انکے رہنماؤں اور بلوچستان کے عوام سے لاپتہ افراد کے بازیابی کے حوالے سے تین ماہ قبل جو وعدہ کیا تھا اسے پورا بھی کر رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہی ہمارا مستقبل اور اصل سرمایہ ہیں، نوجوان بلوچستان کے ترقی، امن و استحکام کے لئے مثبت کردار ادا کریں۔ نوجوان ملک کے اندر خلفشار پھیلانے والے اور ملکی سالمیت اور امن کے خلاف کام کرنے والے اندرونی اور بیرونی غیر ریاستی قوتوں کے ہاتھوں آلہ کار بنے کی بجائے دشمن قوتوں کے خلاف جنگ اور انکے قلع قمع میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں۔