قومی تعمیر وترقی کیلئے عوام میں سیاسی شعورکی بیداری ضروری ہے – ڈاکٹر مالک

185

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ قومی تعمیر وترقی کیلئے عوام میں سیاسی شعورکی بیداری ضروری ہے بلوچ نوجوان آج قومی بیگانگی اورلاتعلقی کی طرف جارہے ہیں وہ مجموعی قومی سوچ اور فکر کے متضاد ہے سیاسی عمل اور نظریے و فکر کو دانشمندی ،بصیرت اور حکمت عملی سے آگے بڑھاکر قومی اہداف کے حصول کوممکن بنایا جاسکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز پارٹی سیکرٹریٹ میں 8مارچ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہونے والی تقریب کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر نیشنل پارٹی کے صوبائی صدرمیر عبدالخالق بلوچ ، مرکزی انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر اسحاق بلوچ ،مرکزی خواتین سیکرٹری یاسمین لہڑی، ارکان مرکزی کمیٹی نیازبلوچ ،اسلم بلوچ ،صوبائی ڈپتی جنرل سیکرٹری حاجی عبدالصمد بلوچ ،صوبائی ترجمان علی احمد لانگو،صوبائی ریسرچ سیکرٹری عبیدلاشاری ،صوبائی کلچر سیکرٹری ملک نصیرشاہوانی ،صوبائی سوشل میڈیا سیکرٹری سعد بلوچ ،ممبران ورکنگ کمیٹی عبدالستار بلوچ ، ثمینہ ظفر،کلثوم نیاز ، حمیدہ فدا ، یوتھ سیکرٹری جلیل ایڈووکیٹ،کمال مری ، باقی بلوچ سمیت دیگر موجود تھے۔

آٹھ مارچ کوخواتین کے عالمی دن کے موقع پر تقریب کوئٹہ میں ہوگی تقریب کی تیاریوں اور انتظامات کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچ اپنی جغرافیائی حیثیت ،قیمتی وسائل اور وسیع و گہرے ساحل سمندر کی بدولت دنیا کیلئے ہاڑٹ کیک کی طرح ہے جس کو حاصل اور ہڑپ کرنے کیلئے سازشیں کی جارہی ہیں ۔

بلوچستان میں انتشار ،افراتفری اور دہشت گردانہ کارروائیاں انہی سازشوں اورگھناؤنے منصوبوں کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سازشوں کے ساتھ ہمارے اپنے ملک کے طاقتور طبقہ نے بھی بلوچ سرزمین میں طاقت اور منفی پالیسیوں کا سہارا لیااور بلوچ قومی وسائل کو غضب کرنے کیلئے قوت اور نا انصافیوں سے گریز نہیں کیا بلوچستان میں مصنوعی و جعلی قیادت کو آگے لاکراپنے مفادات کی تکمیل کی کوششیں جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں میں سیاسی بصیرت کی کمی اور غیر جمہوری رویے بلوچ سرزمین میں مزید مشکلات اور پیچیدگیاں لاسکتے ہیں جن کا مقابلہ کرنے کیلئے سیاسی کارکنوں کو قومی شعورکو پروان چڑھانے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ بلوچ قوم سیاسی عمل کا حصہ بننے اور جدید تعلیم کے حصول کوممکن بناکر قومی سوچ اور فکر پر کاربند رہ کر قومی اہداف کے حصول کو ممکن بنائے اجلاس سے مرکزی خواتین سیکرٹری یاسمین لہڑی نے بھی خطاب کیا