بلوچستان : بارش و برف باری کے باعث 400 سو سے زائد بجلی کے کھمبے زمین بوس

448
File Photo

بلوچستان میں بارشوں اور برف باری کے باعث 400 سو سے زائد کھمبے زمین بوس اور درجنوں ٹرانسفارمر خراب ہوگئے ہیں۔ کیسکو نے قریبی علاقوں میں بحالی کا کام شروع کردیا جبکہ دور دراز علاقوں میں تاحال رسائی ممکن نہ ہوسکی۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق ترجمان کیسکو نے کہا ہے کہ کوئٹہ، پشین، لورلائی، سبی، خضدار اور مکران سرکل میں ایچ ٹی اور ایل ٹی کے 369 کھمبے گر گئے جبکہ 49 ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر خراب ہوئے ہیں۔

پشین سرکل  اور لورالائی سرکل میں بارش اور برفباری کی وجہ سے گیارہ کے وی کے معتعد کھمبے بھی گر گئے۔ زرغون غر، کواس، زندرہ، ورچوم اورچوتیر کے فیڈروں کو بھی بارش اور برفباری کی وجہ سے نقصان پہنچا۔

کان مہترزئی، خانوزئی کے دیہاتی علاقوں میں بھی کھمبے گرنے کی وجہ سے بجلی کی سپلائی معطل ہے۔ تربت، پنجگور، نوشکی، منگچر، باغبانہ اور سوراب میں سیلابی پانی کی وجہ سے کئی کھمبے گر گئے جبکہ کچھ فیڈر فنی خرابی کی وجہ سے بند ہیں۔

ترجمان کے مطابق ان علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے۔ مرمت مکمل ہوتے ہی بجلی بحال کر دی جائے گی  جبکہ زیارت شہر کو بجلی فراہم کرنے والے سٹی فیڈر کو جزوی طور پر بحال کردیا گیا ہے۔

کیسکو ترجمان نے کہا ہے کہ قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، قلات، زیارت کی کچھ تحصلیں اور دیہاتی علاقے ایسے ہیں جہاں برفباری اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے رسائی ممکن نہ ہو سکی۔ رسائی ملتے ہی متعلقہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔