افغانستان: بارشوں اور سیلاب سے 12 افراد جانبحق، ہزاروں بے گھر

232

کابل: افغانستان میں موسلا دھار بارش نے سیلاب کی شکل اختیار کر لی جس کے دوران مختلف واقعات میں 12 افراد جانبحق ہوگئے جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے قندھار میں بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، لینڈ سلائیڈنگ اور بجلی کے تار و ہورڈنگز گرنے سے 12 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔

ریسکیو اداروں کو امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا تھا جس کے باعث سیکیورٹی فورسز کو طلب کیا گیا، افغان فضائیہ نے سیلاب میں پھنسے 1200 رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ متاثرین کے لیے ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں۔

ریسکیو ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث 15 سو 75 مکانات تباہ ہوگئے، رہائشیوں کو پہلے ہی ریلیف کیمپوں میں منتقل کردیا گیا تھا جہاں متاثرین کو اجناس اور طبی امداد بھی فراہم کی گئی ہیں۔

صوبائی انتظامیہ نے 1200 رہائشیوں کو ریسکیو کرنے پر افغان فضائیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز بروقت مدد کو نہ پہنچتی تو ہلاکتوں میں کئی گنا اضافہ ہوتا۔