سبی: سکول پر حملہ، تین اساتذہ زخمی

58

سبی میں سکول پر مسلح و ڈنڈا بردار افراد کا حملہ، ہیڈ ماسٹر سمیت تین اساتذہ پر تشدد کرکے شدید زخمی کر دیا۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق منگل کے روز سبی کے علاقے گورنمنٹ ہائی سکول تنیہ کے سکول پر درجنوں مسلح وڈنڈا بردار افراد نے حملہ کرکے ہیڈ ماسٹر عبدالستار سومرو سمیت دو سکول اساتذہ سنکدر علی سومرو اور محمد رمضان سومرو کو شدید زخمی کردیا۔ زخمیوں کو طبی امداد دینے کے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح وڈنڈا بردار افراد کو دیکھ کر طلباء نے چیخ وپکار شروع کردی جس میں گاؤں کے افراد موقع پر پہنچ گئے تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

آخری اطلاع آنے تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ حملہ آوروں کی عدم گرفتاری پر لواحقین کی جانب سے احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی سیکریڑی تعلیم بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔