نوشکی اور آواران سے لاپتہ 5 افراد بازیاب

207

ضلع نوشکی اور آواران سے لاپتہ ہونے والے پانچ افراد بازیاب ہوگئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی سے دو سال قبل لاپتہ ہونیوالے نوجوان سمیت ضلع آواران سے گذشتہ مہینے لاپتہ ہونے والے چار افراد  بازیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نوشکی کے نواحی علاقے ڈاک عمر شاہ کے رہائشی عبدالباسط محمدزئی مینگل دو سال بعد بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے۔

دریں اثنا 19 جنوری 2019 کو آواران کے علاقے تیرتیج میں فوجی آپریشن کے دوران حراست بعد لاپتہ ہونے والے چار افراد مراد جان ولد عزیز، بشیر ولد لکو، چار شمبے ولد مراد بخش اور اشرف ولد مراد بخش سکنہ تیرتیج آہوری بازیاب ہوگئے جبکہ ان کے ہمراہ حراست میں لیے گئے بشیر ولد محراب سکنہ ترتیج آہوری تاحال لاپتہ ہے۔