مزید لاپتہ افراد جلد گھر پہنچیں گے – وزیر داخلہ بلوچستان

148

 اٹھائیس لاپتہ افراد اپنے گھر لوٹ گئے ہیں۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر داخلہ ضیاءاللہ لانگو نے لاپتہ افراد مہر، گل مری اور ظفراللہ کے اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپنے وعدے کو نبھایا ہے اور عرصے سے لاپتہ 28 افراد اپنے گھر کو لوٹ گئے ہیں۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ، وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ اور دیگر نے وزیر اعلیٰ جام کمال اور وزیر داخلہ ضیا لانگو سے گزشتہ ماہ ملاقات کی تھی جس میں لاپتہ افراد کا مسئلہ زیر بحث آیا۔

وی بی ایم پی کی قیادت نے حکومت کو لاپتہ افراد کی بحالی کے لیے 2 ماہ کا وقت دیتے ہوئے اپنے احتجاجی کیمپ کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم ماما قدیر نے مزید افراد کو حراست میں لیے جانے پر احتجاجی کیمپ جاری رکھا ۔

وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے لاپتہ افراد کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جارہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وی بی ایم پی نے 110 افراد کی فہرست حکومت کے حوالے کی تھی۔

ملاقات میں بتایا گیا کہ رواں ماہ 250 لاپتہ افراد اپنے گھروں کو لوٹ گئے ہیں جن میں وہ پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیے گئے افراد بھی شامل ہیں۔

وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ میں نے اس عہدے کا قلم دان ہی اس لیے اٹھایا تھا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر بلوچستان کی عوام کو ریلیف دوں گا۔

انہوں نے لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو یقین دہانی کرائی کہ مزید لاپتہ افراد جلد گھر پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جام کمال کی قیادت میں بننے والی اتحادی حکومت اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اس نے کئی اہم فیصلے کیے ہیں اور ان پر عمل در آمد کے لیے کوشاں ہے۔